جمعہ 13 نومبر 2026 - 15:02
دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب فیصلہ کن اور تباہ کن ہوگا: آیت اللہ سعیدی

حوزہ/ قم کے امام جمعہ آیت اللہ سید محمد سعیدی نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف معمولی سی جارحیت کا جواب بھی عام نہیں ہوگا بلکہ ایسا فیصلہ کن اور تباہ کن ہوگا جو دشمن کی طاقت کے مراکز کو ہلا کر رکھ دے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ رہبر انقلاب اسلامی کی شان میں کسی بھی قسم کی گستاخی یا ان کے خلاف کارروائی دشمن کے لیے تباہی کا راستہ کھول دے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ سید محمد سعیدی نے 13 نومبر 2026 کو مصلیٰ قدس قم میں نماز جمعہ کے خطبوں کے دوران کہا کہ دشمن میدان جنگ میں مسلسل ناکامیوں اور سازشوں میں شکست کے بعد اب دھمکیوں کا سہارا لے رہا ہے۔ بعض دشمن عناصر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کو نشانہ بنانے کی باتیں کر رہے ہیں، لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ایرانی قوم ایسی دھمکیوں سے خوف زدہ نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ نے دشمن کی دھمکیوں کا جواب دے دیا ہے۔ ہم حضرت علی علیہ السلام کے مکتب کے پیروکار ہیں، جنہوں نے جنگ جمل کے موقع پر اپنے فرزند محمد حنفیہ کو ثابت قدم رہنے اور دشمن کی کثرت سے خوف زدہ نہ ہونے کی نصیحت فرمائی تھی۔

آیت اللہ سعیدی نے قرآن کریم کی آیت 60 سورۂ انفال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو اپنی طاقت اور دفاعی صلاحیتیں اس قدر بڑھانی چاہئیں کہ دشمن ان سے خوف زدہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی مسلح افواج کے سربراہ آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای ضروری سمجھیں گے، ملک اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گا۔

انہوں نے دشمنوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اب حملہ کرکے بچ نکلنے کا زمانہ ختم ہو چکا ہے۔ ایران کا جواب دشمن کی توقعات اور اندازوں سے مختلف ہوگا اور اس کے اثرات پورے خطے میں محسوس کیے جائیں گے۔ انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے امام حسین علیہ السلام کے مکتب سے عزت و سربلندی کا درس لیا ہے اور ذلت قبول نہیں کرے گی۔

قم کے امام جمعہ نے خطے کے ان ممالک کو بھی خبردار کیا جنہیں انہوں نے دشمن کا ساتھ دینے والا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر رہبر انقلاب کے خلاف کوئی قدم اٹھایا گیا تو ایران کا جواب صرف سفارتی حدود یا جغرافیائی سرحدوں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ خطے میں جارحانہ موجودگی کے خاتمے کا سبب بنے گا۔

آیت اللہ سعیدی نے عالمی یومِ کتاب اور کتب دار کی مناسبت سے اچھی کتاب کو انسانی ترقی اور کمال کا بہترین ذریعہ قرار دیا۔

نماز جمعہ کے پہلے خطبے میں انہوں نے تقویٰ اختیار کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ گناہوں سے بچنا تقویٰ کے حصول کے لیے ضروری ہے۔ گناہوں کو ترک کیے بغیر تقویٰ کی لذت محسوس نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے سورۂ فتح کی آیت 29 کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حقیقی پیروکار اپنی زندگی میں اللہ کے فضل اور اس کی خوشنودی کے طلب گار ہوتے ہیں۔ ایک حقیقی اسلامی معاشرہ طاقت کو طاقت کے لیے اور دشمن پر غلبے کو اپنی برتری دکھانے کے لیے استعمال نہیں کرتا بلکہ اس کا اصل مقصد اللہ کی بندگی اور اس کی رضا حاصل کرنا ہوتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha